لندن میں گرینڈ آیت اللہ سید علی امام سیستانی (دام ظله)، یورپ، شمالی اور جنوبی امریکہ کے رابطہ دفتر.

غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر مسلسل بمباری کے حوالے سے آقائے سیستانی (مد ظلہ ) کے دفتر سےجاری ہونے والے بیان کا ترجمہ

بسم الله الرحمن الرحيم

آج کل غزہ کی پٹی شدید حملوں اور مسلسل بمباری کی زد میں ہے جس کی مثال کم ملتی ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک چھے ہزار سے زائد بے گناہ شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں ، بڑی تعداد میں لوگ بے گھر اور وسیع پیمانے پر رہائشی علاقے تباہ ہوگئے ہیں ؛ اس بمباری نے مختلف علاقوں کو اس طرح نشانہ بنایا ہے کہ لوگوں کے پاس پناہ لینے کے لیے کوئی محفوظ مقام باقی نہیں بچا ہے۔اسی دوران صہیونی فوج نے غزہ کا مکمل اور دم کھٹادینے والا محاصرہ کر رکھا ہے اور پانی، غذائی اجناس اور دوائیوں سمیت ضروریات زندگی کی فراہمی بند کردی ہے۔جس سے بے گناہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں گویا اپنے ان اقدامات سے حالیہ دنوں میں ہونے والی بڑی اور ذلت آمیز شکست کا بدلہ لینے کے در پے ہے۔یہ اقدامات دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہورہے ہیں لیکن کوئی روکنے والا نہیں ہے بلکہ کچھ عناصر ان مجرمانہ کاروائیوں کی حمایت کررہے ہیں اور دفاع کے نام پر اس کا جواز فراہم کر رہے ہیں!
عالمی برادری کو چاہئیے کہ اس خوفناک ظلم و بربریت کے خلاف کھڑی ہوجائے اور غاصب صہیونی فوجوں کو فلسطینی مظلوم عوام پر مزید ظلم کرنے سے روکے۔
فلسطین کےعزیز عوام کے اس ستر سالہ المیہ کا خاتمہ صرف فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق کے حصول سے ہی ممکن ہے اور مقبوضہ زمینوں سے غاصبانہ قبضے کا خاتمہ ہی اس خطے میں امن و امان کے قیام کا واحد راستہ ہے ورنہ جارحین کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور تشدد کا سلسلہ مزید معصوم جانوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے کا سبب بنے گا۔

و لا حول و لا قوة الا بالله العلي العظيم

(۲۵- ربیع الاول - ۱۴۴۵ -) مطابق (۲۰۲۳/۱۰/۱۱ م)
دفتر آقائے سیستانی (مدظلہ العالی) ـ نجف اشرف